ایودھیا، 6؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)مسلمانوں کے خلاف طالبان کے بہانے زہرافشانی جاری ہے-ایودھیا کے سوامی پرم ہنس داس، جو متنازعہ بیانات سے بحث میں رہاکرتے ہیں، ایک بار پھر بحث میں ہیں - پرم ہنس داس نے اس بار یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ سے متصل بارہ بنکی کی سرزمین سے مسلمانوں کے بارے میں ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی شہریت کرکے اُنہیں ہندوستان میں غلام کے طور پر رہنے دینا چاہئے۔
پرم ہنس داس نے ہندو راشٹر کے بارے میں بھی بات کی اور طالبان کی حمایت کرنے والوں پر بھی طنز کیا- پرم ہنس داس نے ایودھیا میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اسدالدین اویسی کی ریلی کے پوسٹر پر ایودھیا کو فیض آباد نہ لکھنے پر برہمی کا اظہار کیا- انہوں نے اویسی کو دوسرا جناح کہا اور کہا کہ وہ ہمیشہ اشتعال انگیز تقاریر کرتے ہیں -
حکومت نے فیض آباد کا نام ایودھیا رکھ دیا ہے، یہ بھی قابل قبول ہے، لیکن اویسی نے ایودھیانہیں لکھا اور پوسٹر پر فیض آباد لکھا ہے، جس کی وجہ سے سنتوں اور ایودھیا کے شہریوں میں ناراضگی ہے-پرم ہنس داس نے کہا کہ اگر اویسی اپنے پوسٹروں میں فیض آباد کے بجائے ایودھیا نہیں لکھتے ہیں تو ہم ایودھیا میں ریلی کی اجازت نہیں دیں گے- ہم نے اس حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے-
پرم ہنس داس نے شفیق الرحمن اور منور رانا پر طالبان کی حمایت میں بیانات کیلئے بھی حملہ کیا اور تمام مسلمانوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا اور کہا کہ ان لوگوں نے دہشت گرد طالبان کی حمایت کی- اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم کمیونٹی کو ایک الگ ملک دیاگیاہے، پھر بھی وہ یہاں کیوں رہ رہے ہیں -پرم ہنس داس صرف یہیں نہیں رکے- مسلمانوں پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ وہ ملک میں رہ کر دہشت گردوں کی حمایت کریں گے اور دہشت گردی کا باعث بنیں گے-انھوں نے یہ نہیں بتایاکہ پھرحکومت نے طالبان سے بات کیوں کی؟ انھو ں نے یہ بھی کہا کہ اسی لیے ہم نے یہ سوچنا شروع کر دیا ہے کہ مسلمانوں کی شہریت ختم ہونی چاہیے اور چاہے وہ ہندوستان میں ہی رہیں، انہیں غلام کے طور پر رہنا چاہیے ورنہ پاکستان جانا چاہیے جو انہیں دیاگیاہے- ہندو راشٹر کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پی ایم مودی بھارت کو ہندو راشٹر قرار دیں گے- پرم ہنس داس نے خبردار کیا کہ اگر2 اکتوبر تک ہندو راشٹر کا اعلان نہیں کیا گیا، اگر حکومت نے مثبت یقین دہانی نہیں کی تو میں سمادھی لے لوں گا-